پاک افغان سرحد پر پاک فوج کی بروقت کارروائی: چمن سیکٹر میں دراندازی کی کوشش ناکام، ایک خارجی ہلاک

پاک افغان سرحد کے چمن سیکٹر میں فتنہ الخوارج کی دراندازی کی کوشش کو سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج سرحدی باڑ کی حفاظت اور غیر قانونی دراندازی روکنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک افغان سرحد کے چمن سیکٹر سے ملحقہ علاقے میں 3 سے 4 خوارج پر مشتمل گروہ نے سرحدی باڑ کاٹ کر دراندازی کی کوشش کی۔ سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔

فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک خارجی دہشتگرد ہلاک ہو گیا جبکہ دیگر زخمی حالت میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ کارروائی کے بعد علاقے کی تلاشی کے دوران دہشتگردوں سے 4 سے 5 تیار شدہ دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈیز) اور باڑ کاٹنے کا سامان بھی برآمد کیا گیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کی منظم اور بروقت کارروائی کے باعث دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے گئے، جبکہ سرحدی علاقوں میں نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے۔