اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں خطے کی تازہ صورتحال اور حالیہ پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، اسحاق ڈار نے بیجنگ پہنچنے کے بعد سعودی وزیر خارجہ سے گفتگو کرتے ہوئے یمن سے متعلق سعودی وزارت خارجہ کے بیان اور یمن کی صدارتی لیڈرشپ کونسل کی جانب سے ریاض میں جامع مذاکرات کے فیصلے کا خیر مقدم کیا اور تنازع کے پرامن، سیاسی حل کی حمایت کا اعادہ کیا۔
پاکستان نے یمن کے اتحاد، خودمختاری اور علاقائی سلامتی کی مکمل حمایت کرتے ہوئے تمام فریقین پر زور دیا کہ متفقہ اصولوں کی بنیاد پر مذاکرات کے ذریعے آگے بڑھیں۔
اسی سلسلے میں اسحاق ڈار نے متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان سے بھی ٹیلی فونک گفتگو کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتحال، مثبت پیش رفت اور بہتری کے رجحان پر اطمینان کا اظہار کیا۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ مکالمے اور سفارت کاری کے نتیجے میں زمینی حقائق میں واضح اور ٹھوس بہتری سامنے آئی ہے اور علاقائی کوششیں یمن میں پائیدار امن و استحکام کے قیام میں معاون ثابت ہوں گی۔

