اسلام آباد میں وفاقی کابینہ نے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وفاقی دارالحکومت کے شیڈول بلدیاتی انتخابات ایک بار پھر ملتوی کرنے کی منظوری دے دی۔
کابینہ اجلاس میں کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے 3 دسمبر اور 30 دسمبر کے فیصلوں کی توثیق کی گئی، جبکہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق نئی قانون سازی پر بھی غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق، چیف کمشنر اسلام آباد نے وفاقی کابینہ کو بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے بریفنگ دی، جس کے بعد کابینہ نے انتخابات مؤخر کرنے کی منظوری دے دی۔
اجلاس میں اسلام آباد میں پنجاب طرز کے بلدیاتی نظام کے نفاذ کے لیے قانون سازی کی بھی منظوری دی گئی، جبکہ حکومت نے قانون میں ترمیم کے لیے آرڈیننس لانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت وفاقی دارالحکومت میں وارڈز کی تعداد بڑھائی جائے گی۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے 15 فروری کی تاریخ مقرر کی تھی جبکہ 16 سے 19 فروری کے دوران نتائج مرتب کیے جانا تھے، تاہم وفاقی کابینہ کے اس فیصلے کے بعد انتخابات میں مزید تاخیر کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔
اجلاس میں ملک کی مجموعی معاشی اور سیاسی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔

