اسلام آباد میں اسٹیٹ آف دی آرٹ کرکٹ اسٹیڈیم، وزیر داخلہ محسن نقوی نے 10 روز میں حتمی ڈیزائن طلب کرلیا
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وفاقی دارالحکومت میں اسٹیٹ آف دی آرٹ کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کے لیے حتمی ڈیزائن 10 روز میں پیش کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
اس حوالے سے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں محسن نقوی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں اسلام آباد میں عوامی فلاح و بہبود سے متعلق متعدد ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں جدید سہولیات سے آراستہ عالمی معیار کا کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا، جس کے لیے وزیر داخلہ نے مقررہ مدت میں فائنل ڈیزائن طلب کر لیا ہے۔
اجلاس میں نیشنل پارک کے لیے مخصوص ایریا مختص کرنے، جدید طرز پر سیف سٹی پروجیکٹ کا دائرہ کار بڑھانے اور کشمیر چوک پر ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے اسمارٹ انڈر پاس کی تعمیر کا بھی فیصلہ کیا گیا، جس کا حتمی ڈیزائن بھی 10 روز میں پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔
اس کے علاوہ اسلام آباد میں فائیو اسٹار ہوٹل کی تعمیر کے لیے معروف کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنے، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے قیام کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دینے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہیڈکوارٹرز کے لیے اراضی مختص کرنے پر بھی غور کیا گیا۔
اجلاس میں وزیر داخلہ نے دارالحکومت میں طویل عرصے سے خالی کمرشل پلاٹس کی مکمل تفصیلات بھی طلب کر لیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف آپریشن پوری قوت سے جاری رہے گا اور واگزار کرائی گئی اراضی کو عوامی مفاد کے بہترین استعمال میں لایا جائے گا۔
اجلاس میں نئے کنونشن سینٹر کی تعمیر، فیڈرل کانسٹیبلری، رینجرز اور اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ہیڈکوارٹرز کے لیے اراضی مختص کرنے سے متعلق مختلف تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔

