فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سعودی عرب کے اعلیٰ ترین قومی اعزاز ‘کنگ عبدالعزیز میڈل’ سے نواز دیا گیا

چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو مملکتِ سعودی عرب کا اعلیٰ ترین قومی اعزاز کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسی لینس عطا کر دیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، یہ اعزاز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی نمایاں عسکری خدمات، اعلیٰ قیادت، دفاعی تعاون، اسٹریٹجک ہم آہنگی اور ادارہ جاتی روابط کے فروغ میں کلیدی کردار کے اعتراف میں دیا گیا۔

سعودی عرب کے سرکاری دورے کے دوران خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے شاہی فرمان کے تحت یہ اعزاز عطا کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، یہ اعزاز علاقائی امن و استحکام کے لیے خدمات، بالخصوص انسدادِ دہشت گردی اور سلامتی کے شعبے میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مسلسل اور مؤثر تعاون کی عکاسی بھی کرتا ہے۔

دورے کے دوران، فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سعودی وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ملاقات کی، جس میں علاقائی سلامتی کی صورتحال، دفاعی و عسکری تعاون، اسٹریٹجک اشتراکِ عمل اور بدلتے ہوئے جغرافیائی چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ دونوں ممالک کے گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی توثیق بھی کی گئی۔

سعودی قیادت نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور اسٹریٹجک وژن کو سراہتے ہوئے پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ان کے عزم کی تعریف کی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اعزاز ملنے پر خادمِ حرمین شریفین اور سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے مضبوط اور پائیدار تعلقات کی علامت قرار دیا اور مملکتِ سعودی عرب کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، کنگ عبدالعزیز میڈل کا عطا کیا جانا پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی شراکت داری، علاقائی و عالمی امن کے فروغ اور مشترکہ اسٹریٹجک تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کی واضح عکاسی ہے۔