پاک بحریہ کے ملجم کلاس کے دوسرے جہاز پی این ایس خیبر کی کمیشننگ کی پروقار تقریب ترکیے کے استنبول نیول شپ یارڈ میں منعقد ہوئی جس کے مہمانِ خصوصی جمہوریہ ترکیے کے صدر رجب طیب اردوان تھے، جبکہ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف بھی اس موقع پر موجود تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر نے پاکستان اور ترکیے کے برادرانہ تعلقات کو مثالی قرار دیا اور دفاعی پیداوار کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔
نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ پاک بحریہ اور ترک بحریہ کے درمیان قریبی روابط دونوں ممالک کے مابین مضبوط اور پائیدار شراکت داری کا عملی مظہر ہیں، جبکہ ایم ایس اسفات، استنبول نیول شپ یارڈ اور دیگر کمپنیوں کی منصوبہ بندی، ڈیزائن اور تعمیر میں پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔
تقریب کے بعد ترک صدر نے پی این ایس خیبر کا دورہ کیا، جہاز کے عملے سے ملاقات کی اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، اس دوران علاقائی بحری سیکیورٹی صورتحال اور مستقبل میں مشترکہ بحری اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، ملجم کلاس کے جہاز جدید ترین کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹمز، جدید اسلحے اور اعلیٰ درجے کے سینسرز سے لیس جدید جنگی پلیٹ فارمز ہیں۔
واضح رہے کہ 2018 میں پاکستان اور ترکیے کے درمیان ملجم کلاس کے چار جہازوں کی تعمیر کا معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت دو جہاز ترکیے اور دو پاکستان میں تعمیر ہونے ہیں، پی این ایس خیبر کی کمیشننگ کے ساتھ ہی ترکیے میں تیار ہونے والے دونوں جہازوں کا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے۔
وزیراعظم نے اس موقع پر پاک بحریہ اور تمام شراکت داروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پی این ایس خیبر کی شمولیت سے پاکستان کی سمندری سرحدوں کے تحفظ اور بحری صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا جو معیشت، تجارت اور سمندری راستوں کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔

