چین میں پاک بحریہ کی جدید ہنگور کلاس آبدوز غازی لانچ، دفاعی صلاحیت میں اہم اضافہ

راولپنڈی: پاک بحریہ نے چین کے شہر ووہان میں واقع شوانگ لیو بیس پر ہنگور کلاس کی چوتھی آبدوز ’’غازی‘‘ کو کامیابی کے ساتھ لانچ کر کے ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، آبدوز غازی کی لانچنگ کے بعد چین میں تیار کی جانے والی چاروں ہنگور کلاس آبدوزیں اب سی ٹرائلز کے مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں، جو پاکستان نیوی کے حوالے کیے جانے سے قبل آخری آزمائشیں ہیں۔

غازی ہنگور کلاس کی وہ چوتھی آبدوز ہے جو چین میں تیار کی گئی ہے، جبکہ مجموعی طور پر پاکستان اور چین کے درمیان آٹھ ہنگور کلاس آبدوزوں کا معاہدہ موجود ہے۔

معاہدے کے تحت چار آبدوزیں چین میں جبکہ باقی چار پاکستان میں کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس لمیٹڈ میں ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی کے تحت تیار کی جائیں گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، ہنگور کلاس آبدوزیں جدید ترین ہتھیاروں اور سینسرز سے لیس ہوں گی اور طویل فاصلے سے اہداف کو نشانہ بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، جو خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گی۔

لانچنگ کی تقریب میں پاکستان اور چین کے اعلیٰ حکام کی شرکت نے دونوں ممالک کے گہرے ہوتے ہوئے دفاعی اور بحری تعاون کو مزید مضبوط کیا ہے۔