سوشل میڈیا پر پاکستان مخالف مہم: پی ٹی آئی کے بیرونِ ملک چلنے والے اکاؤنٹس اور جعلی ٹرینڈز پر قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، طلال چوہدری

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کے ذریعے پاکستان اور اس کے ریاستی اداروں کے خلاف منظم اور مالی معاونت یافتہ مہم چلائی جا رہی ہے، جس میں پی ٹی آئی سے منسلک متعدد اکاؤنٹس بیرونِ ملک سے آپریٹ ہو رہے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس اور عالمی میڈیا کو بریفنگ کے دوران انہوں نے واضح کیا کہ حکومت آزادیٔ اظہارِ رائے پر یقین رکھتی ہے، تاہم قومی سلامتی، خودمختاری اور ریاستی اداروں کے وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

طلال چوہدری کے مطابق، جعلی ناموں سے بنائے گئے اکاؤنٹس کے ذریعے ہیش ٹیگز اور ٹرینڈز چلائے جاتے ہیں، واٹس ایپ گروپس میں ہدایات دی جاتی ہیں اور ہر ٹویٹ و پیغام کے عوض رقم وصول کی جاتی ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ دہشت گرد تنظیموں بی ایل اے اور ٹی ٹی پی کے بیانیے کو بھی انہی جعلی نیٹ ورکس کے ذریعے تقویت دی جاتی ہے۔

وزیر مملکت نے بتایا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے حاصل کردہ معلومات کے مطابق، بیشتر اکاؤنٹس پاکستان سے باہر بیٹھ کر چلائے جا رہے ہیں اور بعض بیرونِ ملک کمپنیاں نام بدل کر نیٹ ورکس آپریٹ کرتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے عناصر کی نشاندہی کر لی گئی ہے اور واضح انتباہ دیا جاتا ہے کہ اگر کوئی ملک مخالف ٹرینڈز کا حصہ بنا تو قانون کے مطابق سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف صفِ اوّل میں کھڑا ہے، دنیا میں کہیں بھی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے اور مذہب یا قوم کو دہشت گردی سے جوڑنے کے بیانیے کو مسترد کرتا ہے۔