پاکستان جلد معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا، وزیر اعظم شہباز شریف

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی کا خواب جلد حقیقت بنے گا، کیونکہ ملک درست معاشی سمت میں پیش رفت کر رہا ہے۔ آئی ایم ایف کی جانب سے حکومتی اصلاحات اور مؤثر معاشی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پروگرام کے تحت 1 ارب 20 کروڑ ڈالر کی قسط کی منظوری کو وزیر اعظم نے اہم سنگِ میل قرار دیا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ اصلاحاتی ایجنڈے کے کامیاب نفاذ میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کلیدی کردار ہے، جن کی معاونت نے معاشی ترقی کی راہ ہموار کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کا اعتماد وزیر خزانہ اور معاشی ٹیم کی دن رات محنت کا اعتراف ہے، جو بتاتا ہے کہ پاکستان پائیدار معاشی استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے سے نکال کر ترقی کی سمت گامزن کرنا ایک مشکل مرحلہ تھا، جس کے لیے سیاسی جماعتوں اور عوام نے لازمی قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان کی معاشی اصلاحات اور ڈیجیٹائزیشن اب عالمی سطح پر ایک کامیاب کیس اسٹڈی کے طور پر دیکھی جا رہی ہیں۔

وزیر اعظم نے یقین ظاہر کیا کہ بیرونی قرضوں سے مکمل نجات کا وقت دور نہیں، اور معیشت کو خودکفالت کی طرف لے جانے کے لیے بطور خادمِ پاکستان وہ اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

دوسری جانب وزیر اعظم نے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی پاکستان میں کرپشن سے متعلق تازہ رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، عوام کی بڑی تعداد نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے دوران انہیں کرپشن کا کم سامنا کرنا پڑا، جسے وزیر اعظم نے شفافیت اور کرپشن کے خلاف حکومتی جنگ کی کامیابی قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی اکثریت نے حکومتی معاشی اقدامات کو مؤثر قرار دیا، جو کہ ایک حوصلہ افزا اشارہ ہے۔ وزیر اعظم کے مطابق بہتر ہوتے معاشی اشاریے اور مثبت عوامی رائے ٹیم ورک کا نتیجہ ہیں۔

انہوں نے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور پوری معاشی ٹیم کے کردار کو سراہا۔