پاکستان نے واشنگٹن میں غیر معمولی سفارتی کامیابی حاصل کی، امریکی جریدہ

واشنگٹن: معروف امریکی جریدے فارن پالیسی نے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کے حوالے سے ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں ٹرمپ دور میں اسلام آباد کی غیر معمولی سفارتکاری کو سراہا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، پاکستان نے صدر ٹرمپ کی حکومت کے دوران مؤثر اور مضبوط سفارتی تعلقات قائم کیے، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ تاریخی سطح کی قربت شامل تھی۔ کابل حملے کے ماسٹر مائنڈ کی گرفتاری میں پاکستان کے کردار کو بھی رپورٹ میں اہم قرار دیا گیا، جس سے صدر ٹرمپ کا اعتماد حاصل ہوا۔

فارن پالیسی کے مطابق، پاکستان نے کرپٹو فریم ورک، کرٹیکل منرلز، توانائی اور انسداد دہشت گردی جیسے شعبوں میں شفاف اور جدید ماڈل پیش کر کے امریکہ کے ساتھ تعلقات کو نئی بلندی دی۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ ٹرمپ انتظامیہ نے پاک۔بھارت کشیدگی میں پاکستان کی مؤثر سفارتکاری کو سراہا اور مئی میں جنگ بندی کے کریڈٹ کا اعتراف کھلے عام کیا، جبکہ بھارت کے ساتھ رویہ سرد رہا۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ پاکستان نے تعلقات کو اپنی میرٹ پر قائم رکھنے کی پالیسی اختیار کی اور کسی تیسرے ملک کے اثرات کو برداشت نہیں کیا۔ مستقبل میں پاکستان کا کردار خطے کے امن، کرٹیکل منرلز اور عالمی توانائی استحکام کے حوالے سے مرکزی اہمیت اختیار کرے گا۔ فارن پالیسی کے مطابق ٹرمپ دور میں پاکستان کی قیادت، وژن اور سفارتی حکمت کے امتزاج نے واشنگٹن میں اسلام آباد کی پوزیشن غیر معمولی طور پر مضبوط بنائی۔