75 سالہ سفارتی تعلقات: انڈونیشیا کے صدر دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے، پاک فضائیہ کی فضائی سلامی

پاکستان اور انڈونیشیا کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر انڈونیشیا کے صدر پرابوو سو بیانتو دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ صدر پرابوو سو بیانتو کا طیارہ جیسے ہی پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوا، پاک فضائیہ کے 6 جے ایف 17 جنگی طیاروں نے انہیں حصار میں لے کر شاندار فضائی سلامی پیش کی، جس پر انڈونیشین صدر نے پاک فضائیہ، پاکستانی قیادت اور عوام کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

اسلام آباد کے نور خان ایئر بیس پر صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے مہمان صدر کا پرتپاک استقبال کیا، جہاں انہیں 21 توپوں کی سلامی بھی پیش کی گئی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔

دو روزہ دورے کے دوران، انڈونیشین صدر وزیراعظم شہباز شریف سے وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے، جبکہ صدر آصف علی زرداری اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی ملاقاتیں شیڈول ہیں۔ دورے کا بنیادی محور تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، صحت، موسمیات، آئی ٹی، تعلیم اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون بڑھانا ہے، جبکہ متعدد دوطرفہ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی متوقع ہیں۔

دفتر خارجہ کے مطابق، پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانا مشترکہ ترجیح ہے، اور اس دورے سے برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے خود انڈونیشین صدر کو اس دورے کی دعوت دی تھی۔