پاکستان نے بھارتی وزیر خارجہ کے اشتعال انگیز بیان کو مسترد کردیا

اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی وزیرِ خارجہ جے شنکر کے پاکستانی مسلح افواج سے متعلق اشتعال انگیز اور بے بنیاد بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے غیر ذمہ دارانہ تبصرے حقائق مسخ کرنے کی ایک مذموم کوشش ہیں جن کا مقصد خطے میں بھارت کی تخریبی سرگرمیوں سے توجہ ہٹانا ہے۔

بھارتی وزیرِ خارجہ نے اپنے حالیہ بیان میں کہا تھا کہ "بھارت کے زیادہ تر مسائل کی وجہ پاکستان کی مسلح افواج ہیں” جسے پاکستان نے فوری طور پر رد کرتے ہوئے اسے ایک بے بنیاد پروپیگنڈا قرار دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے ایک سخت ردعمل میں کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے اور اس کے تمام ادارے، بشمول مسلح افواج، قومی سلامتی کے مضبوط ستون ہیں جو ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہمیشہ تیار رہتے ہیں۔

ترجمان نے واضح کیا کہ مئی 2025 میں بھارتی جارحیت کے مقابلے میں پاکستان کی مسلح افواج نے پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ بھرپور، ذمہ دارانہ اور مؤثر جواب دیا جسے دنیا نے تسلیم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی پروپیگنڈا اس حقیقت کو چھپا نہیں سکتا۔

طاہر اندرابی کے مطابق، بھارتی قیادت کی جانب سے پاکستان کے ریاستی اداروں کو بدنام کرنے کی کوششیں ایک وسیع منظم مہم کا حصہ ہیں۔ بھارت اس پروپیگنڈے کے ذریعے نہ صرف خطے میں اپنی اشتعال انگیز پالیسیوں بلکہ پاکستان میں اس کی ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے بیانات اس امر کی عکاسی کرتے ہیں کہ بھارت کو خطے کے امن و استحکام کی کوئی پروا نہیں۔

دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان کے اداروں پر الزام تراشی کے بجائے بھارت کو انتہا پسند ہندوتوا نظریے کا جائزہ لینا چاہیے جس نے بھارت میں ہجوم کے ہاتھوں قتل، ماورائے عدالت کارروائیوں، مذہبی مقامات کی مسماری اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو جنم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی ریاست اور قیادت مذہب کے نام پر بڑھنے والی انتہا پسندی کی یرغمال بن چکی ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان بقائے باہمی، مکالمے اور سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے، تاہم اپنے قومی مفادات، سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر متحد، مضبوط اور پرعزم ہے۔