اسلام آباد اور راولپنڈی میں دفعہ 144 نافذ؛ جلسے جلوس پر مکمل پابندی، سیکیورٹی ہائی الرٹ

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کے مطابق، شہر میں دفعہ 144 مکمل طور پر نافذ العمل ہے، جس کے تحت کسی قسم کے احتجاج، جلسے، جلوس یا ریلی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کسی بھی غیرقانونی سرگرمی کی صورت میں قانون فوری حرکت میں آئے گا۔

دوسری جانب، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے بھی یکم سے 3 دسمبر 2025 تک ضلع بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق راولپنڈی میں ہر طرح کے اجتماعات، ریلیوں، جلسوں، جلوسوں اور دھرنوں پر پابندی عائد رہے گی۔ فیصلہ ڈی آئی سی اجلاس میں امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، جبکہ تمام ادارے باہمی تعاون سے امن و امان برقرار رکھنے کیلئے ذمہ داریاں ادا کریں گے۔ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر احتجاج کرنے اور اڈیالہ جیل جانے کا اعلان کیا تھا۔ اسی صورتحال کے تناظر میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

اسلام آباد پولیس نے بھی واضح کیا ہے کہ کسی شرپسند کو امن عامہ خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پولیس حکام کے مطابق شرانگیزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے فورس خدمت خلق کے جذبے سے ہروقت سرگرم ہے۔