عمران خان صحتمند اور محفوظ ہیں، ملاقاتیں معمول کے مطابق کروائی جاتی ہیں، اڈیالہ جیل ذرائع

اڈیالہ جیل کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان جیل میں مکمل طور پر صحتمند اور محفوظ ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کی صحت سے متعلق سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی افواہوں میں کوئی حقیقت نہیں جبکہ جیل میں آنے والے ہر شخص کی ملاقات جیل مینوئیل کے مطابق کرائی جاتی ہے۔

ذرائع کے مطابق، عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے ہفتے میں ایک بار باقاعدہ ملاقات کرائی جاتی ہے۔ اڈیالہ جیل میں ایک بیرک کے 6 کمرے عمران خان کے زیرِ استعمال ہیں جبکہ انہیں ٹی وی، اخبار اور دیگر بنیادی سہولیات میسر ہیں۔

مزید بتایا گیا ہے کہ عمران خان کو ہفتے میں ایک بار باہر سے کھانا منگوانے کی اجازت ہوتی ہے، جس میں عموماً دیسی مرغی اور مچھلی شامل ہوتی ہے۔ جیل انتظامیہ نے واضح کیا کہ تمام ملاقاتیں جیل قواعد کے مطابق ہوتی ہیں اور جیل کے احاطے میں آنے والے ہر شخص کی ملاقات کرائی جاتی ہے، تاہم جیل حدود سے باہر کے انتظامات ان کی ذمہ داری نہیں۔

پی ٹی آئی رہنماؤں اور دیگر شخصیات نے بھی سوشل میڈیا پر چلنے والی جعلی خبروں کی تردید کی ہے اور عمران خان و بشریٰ بی بی کی صحت کو مکمل طور پر تسلی بخش قرار دیا ہے۔