پاکستانی افواج کو مستقبل کی جنگوں کے لیے مربوط حکمتِ عملی اپنانا ہوگی، جنرل ساحر شمشاد مرزا

اسلام آباد: چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا (نشانِ امتیاز، نشانِ امتیاز ملٹری) نے الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدلتی ہوئی عالمی صورتحال مسلح افواج سے زیادہ ہم آہنگی، مشترکہ حکمتِ عملی اور مربوط تیاری کا تقاضا کرتی ہے۔

جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا کہ دنیا ناقابلِ تصور رفتار سے تبدیل ہو رہی ہے، اور اس تبدیلی کے پاکستان کے داخلی و خارجی سیکیورٹی ماحول پر گہرے اثرات مرتب ہو رہے ہیں جو ہائبرڈ محاذ آرائی سے لے کر روایتی جنگ تک پھیلے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں پاکستان کی مسلح افواج کو زیادہ مربوط، بااختیار اور جدید صلاحیتوں سے لیس ہونا ہوگا، کیونکہ مشترکہ آپریشنل اپروچ مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے ناگزیر ہے۔

جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا کہ مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی کوئی خواہش نہیں بلکہ قومی سلامتی کے نظام کی بنیادی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایک مضبوط، مؤثر اور عملی طور پر منظم ڈھانچہ ہی ملک کو مستقبل کی جنگوں کے لیے تیار کر سکتا ہے۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے تینوں افواج، خصوصاً جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کا ڈھانچہ جیسا بھی ہو، اسے اپنی ذمہ داریاں عزم، دیانت داری اور پیشہ ورانہ مہارت سے ادا کرنی چاہئیں۔