فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بحرین کے وزیر خارجہ کی ملاقات، دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال

راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بحرین کے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (GHQ) راولپنڈی میں اہم ملاقات کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (ISPR) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اور پاکستان و بحرین کے درمیان دفاعی و سیکیورٹی تعاون سمیت دوطرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ تعلقات باہمی اعتماد، مشترکہ اقدار اور احترام پر استوار ہیں، اور انہوں نے دفاع کے شعبے میں ان روابط کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

بحرینی وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے پاک فوج کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل تیاریوں اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کلیدی کردار کو سراہا۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے علاقائی امن کے قیام کے لیے مشترکہ کوششوں کو جاری رکھنے اور دفاع و سیکیورٹی کے شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔