ای او بی آئی پنشن کیلئے 15 سال کی شرط لازمی، وفاقی آئینی عدالت کا بڑا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی آئینی عدالت نے ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ (EOBI) پنشن کے لیے کم از کم 15 سال کی بیمہ شدہ ملازمت/شراکت کو لازمی قرار دیتے ہوئے سابق بینک ملازم کے کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ، وفاقی محتسب اور صدرِ پاکستان کے احکامات کالعدم قرار دے دیے ہیں۔

چیف جسٹس امین الدین خان کے تحریر کردہ 12 صفحات پر مشتمل فیصلے میں واضح کیا گیا ہے کہ پنشن کی درخواست مسترد ہونا بذاتِ خود بدانتظامی نہیں اور قانونی شرائط کو نظرانداز کر کے صرف ہمدردی یا بدانتظامی کے نام پر محتسب کا دائرہ اختیار نہیں بڑھایا جا سکتا۔

مقدمہ سابق بینک ملازم جاوید اقبال بھٹی سے متعلق تھا جن کی بیمہ شدہ ملازمت 6 سال سے بھی کم تھی اور انہیں EOBI نے 48 ہزار روپے کی اولڈ ایج گرانٹ دی تھی، جس پر بعد میں وفاقی محتسب نے پنشن کا حکم دیا تھا۔

تین رکنی بینچ، جس میں جسٹس عامر فاروق اور جسٹس علی باقر نجفی بھی شامل تھے، نے قرار دیا کہ پہلے دی گئی اولڈ ایج گرانٹ سے ماہانہ پنشن کا حق پیدا نہیں ہوتا اور یکم جولائی 2008 کے بعد بیمہ شدہ ملازمین کو 5 سال کی خصوصی رعایت حاصل نہیں ہے۔

عدالت نے زور دیا کہ بغیر قانونی دائرہ اختیار کے جاری کردہ حکم، صدر یا کسی عدالت کی بعد میں توثیق سے بھی قانونی حیثیت حاصل نہیں کر سکتا۔