شمالی وزیرستان میں آپریشن، 4 کمانڈرز سمیت 9 خوارج ہلاک

پشاور: خیبر پختونخوا میں ‘عزمِ استحکام’ ویژن کے تحت سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقوں پلنگ زئی، ندیم کوٹ اور کوٹ خضری میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 4 اہم کمانڈرز سمیت 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے اہم کمانڈرز میں خارجی خالد رضا، خارجی کامران، خارجی موسیٰ اور خارجی مفتوم شامل ہیں، جبکہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ اور بھاری مقدار میں جدید اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سیکیورٹی فورسز کو اس کامیاب آپریشن پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 9 خوارج کی ہلاکت فورسز کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے غیر متزلزل عزم کا ثبوت ہے۔