ایران اور عمان کا محفوظ بحری راستوں کے کوآرڈینیٹس پر اتفاق

تہران: ایران اور عمان نے عالمی توانائی کی ترسیل کے اہم ترین راستے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کے لیے مخصوص محفوظ بحری راستوں کے جغرافیائی نقاط (Co-ordinates) پر اتفاق کر لیا ہے۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے اس معاہدے کے تحت آبنائے ہرمز میں داخل ہونے اور وہاں سے نکلنے والے جہازوں کے لیے طے شدہ محفوظ راستوں کو بین الاقوامی بحری ادارے (IMO) میں رجسٹر کرانے کے طریقہ کار پر بھی اتفاق ہوا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ اقدام آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی مرحلہ وار بحالی کے اس سلسلے کا حصہ ہے جس کے تحت اگست میں عارضی بحری راہداری کے قیام اور سمندری بارودی سرنگیں صاف کرنے پر اتفاق ہوا تھا، تاہم اس کا مطلب گزرگاہ کا مکمل یا غیر مشروط کھلنا نہیں ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ ایران نے خطے میں جنگ کے خاتمے اور سیکیورٹی کی بحالی کے لیے اپنی شرائط واضح کر دی ہیں، جبکہ امریکی فریق کی تجاویز پر ایرانی ردِعمل ثالثوں کے ذریعے پہنچایا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ 7 میل چوڑی اس عارضی گزرگاہ کے باوجود تہران کا کہنا ہے کہ مکمل بحالی کا انحصار خطے کے وسیع تر سیاسی حالات پر ہوگا۔