پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ

اسلام آباد: حکومت نے عوام پر مہنگائی کا نیا بوجھ ڈالتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل دونوں مہنگے کر دیے گئے ہیں۔

پیٹرولیم ڈویژن اور آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (OGRA) کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 31 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی فی لیٹر قیمت 398 روپے 96 پیسے ہو گئی ہے۔

دوسری جانب ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 78 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس سے ڈیزل کی نئی قیمت 395 روپے 72 پیسے فی لیٹر پر پہنچ گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 9 اکتوبر 2026 کے لیے کیا گیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کا کہنا ہے کہ ملکی قیمتوں میں ردوبدل عالمی مارکیٹ میں خام تیل کے نرخوں، پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر متعلقہ اخراجات میں تبدیلی کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اس اضافے سے ٹرانسپورٹیشن اور عام اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر براہِ راست اثر پڑے گا۔