شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 7 خوارج ہلاک

راولپنڈی: خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے ‘عزمِ استحکام’ ویژن کے تحت کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کی گئی اس کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے متعدد ٹھکانے بھی کامیابی سے تباہ کر دیے گئے، جبکہ ہلاک خوارج کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی شمالی وزیرستان میں ایک آپریشن کے دوران 9 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا تھا۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سیکیورٹی فورسز کو اس کامیاب کارروائی پر زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

قیادت نے عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردوں کے غیر ملکی سرپرستوں اور مقامی سہولت کاروں کی سازشوں کو ناکام بنایا جائے گا اور ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ فیصلہ کن آپریشنز بلا تعطل جاری رہیں گے۔