ہرمن پریت کور بھارتی ویمنز کرکٹ ٹیم کی تینوں فارمیٹس کی قیادت سے دستبردار

نئی دہلی: بھارتی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور نے تمام بین الاقوامی فارمیٹس کی قیادت سے دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔

37 سالہ ہرمن پریت کور نے سوشل میڈیا پر جاری جذباتی پوسٹ کے ذریعے کپتانی چھوڑنے کی تصدیق کی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ فیصلہ آسان نہیں تھا کیونکہ اس سے برسوں کے لمحات اور جذبات جڑے ہیں، تاہم بھارتی ٹیم کا مستقبل روشن اور مضبوط ہاتھوں میں ہے۔

کپتانی چھوڑنے کے باوجود وہ بطور کھلاڑی قومی ٹیم میں اپنی خدمات فراہم کرتی رہیں گی اور ویمنز پریمیئر لیگ (WPL) میں ممبئی انڈینز کی قیادت برقرار رکھیں گی۔

ہرمن پریت کور کا یہ فیصلہ گوہاٹی میں بی سی سی آئی کے سیکرٹری دیواجیت سائیکیا کے ساتھ نائب کپتان سمرتی مندھانا اور ہیڈ کوچ امول مزومدار کی اہم میٹنگ کے بعد سامنے آیا ہے۔

ہرمن پریت کی قیادت میں بھارت نے 2025 کا ون ڈے ورلڈ کپ، 2026 کا ایشیا کپ اور ایشین گیمز میں لگاتار دو گولڈ میڈل جیتے، جبکہ آسٹریلیا کے خلاف پہلی تاریخی ٹیسٹ فتح بھی ان کے دور میں ہی حاصل ہوئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسٹار بیٹر سمرتی مندھانا کو ٹیم کی نئی کپتان مقرر کیے جانے کا قوی امکان ہے۔