راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں اہم ملاقات کی، جس میں علاقائی سیکیورٹی صورتحال اور عالمی امن و سلامتی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (ISPR) کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معزز مہمان کا پرخلوص خیرمقدم کیا۔ ملاقات کے دوران جموں و کشمیر کے دیرینہ تنازع، بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو التوا میں رکھنے اور افغانستان سے جنم لینے والی دہشت گردی جیسے اہم امور زیرِ بحث آئے۔ فیلڈ مارشل نے عالمی امن اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کے کلیدی کردار اور پیش کی گئی قربانیوں کو اجاگر کیا۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی عظیم قربانیوں اور عالمی امن مشنز میں پاکستانی افواج کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے علاقائی تنازعات کے پرامن اور سفارتی حل کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے بین الاقوامی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

