بحیرہ عرب میں پاک بحریہ کی بڑی کارروائی: 9 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی منشیات برآمد

راولپنڈی: پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس یرموک نے بحیرہ عرب میں پاکستانی ساحل سے دور 2 کامیاب انسدادِ منشیات آپریشنز کے دوران 2 مشکوک کشتیوں کو روک کر بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر لیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (ISPR) کے مطابق کشتیوں کے خفیہ خانوں کی تلاشی کے دوران 850 کلوگرام آئس اور 2 ہزار کلوگرام چرس (حشیش) برآمد کی گئی۔ عالمی منڈی میں ضبط کی گئی منشیات کی مجموعی مالیت تقریباً 9 کروڑ 60 لاکھ امریکی ڈالر (96 ملین ڈالرز) بتائی جاتی ہے۔ تحویل میں لی گئی منشیات کو مزید قانونی کارروائی اور تلفی کے لیے متعلقہ حکام کے سپرد کیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ یہ کامیاب کارروائیاں پاک بحریہ کی میری ٹائم سیکیورٹی، مسلسل نگرانی اور سمندر کے ذریعے غیر قانونی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے غیر متزلزل عزم کا ثبوت ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اس کامیاب کارروائی پر پاک بحریہ کے افسران اور اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔