اسلام آباد: وفاقی ادارہ شماریات نے ملک میں مہنگائی سے متعلق رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق سالانہ بنیادوں پر مہنگائی بڑھنے کی شرح 11.53 فیصد پر پہنچ گئی ہے جبکہ ہفتہ وار بنیادوں پر 0.21 فیصد کا معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق یکم اکتوبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران جائزہ لی گئی 51 بنیادی اشیائے ضروریہ میں سے 20 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ، 10 میں کمی اور 21 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
ایک ہفتے میں چکن 7.25 فیصد، لہسن 1.85 فیصد، دال چنا 1.30 فیصد، ایل پی جی 1.17 فیصد اور انڈے 0.72 فیصد مہنگے ہوئے۔ اس کے برعکس ڈیزل کی قیمت میں 3.43 فیصد، کیلے 1.52 فیصد، چینی 1.05 فیصد، آلو 0.96 فیصد اور پیٹرول کی قیمت میں 0.65 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
سالانہ بنیادوں پر اشیاء کی قیمتوں کا موازنہ کیا جائے تو پیاز کی قیمت میں سب سے زیادہ 114.20 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ ایل پی جی 66.59 فیصد، بجلی کے چارجز 58.59 فیصد، ڈیزل 44.50 فیصد، پیٹرول 44.05 فیصد اور گندم کا آٹا 32.65 فیصد مہنگا ہوا۔
تاہم سالانہ سطح پر ٹماٹر کی قیمت میں 45.52 فیصد، آلو 39.54 فیصد اور چینی میں 21.95 فیصد کی نمایاں کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔ علاوہ ازیں ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ ماہِ ستمبر کے لیے مہنگائی کی مجموعی شرح 10.3 فیصد رہی۔

