ناگویا: جاپان میں جاری 20ویں ایشین گیمز کے مینز ہاکی ایونٹ میں پاکستان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے چین کو 0-3 سے یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دے دی اور ٹورنامنٹ میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کر لی۔
پول ’بی‘ میں کھیلے گئے اس اہم میچ کے پہلے کوارٹر میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا اور کوئی ٹیم گول نہ کر سکی۔ تاہم دوسرے کوارٹر میں گرین شرٹس نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے تمام 3 گول داغے۔
19ویں منٹ میں کپتان ابوبکر محمود نے پہلا گول کیا، جبکہ 24ویں منٹ میں سفیان خان نے پینلٹی کارنر کو گول میں تبدیل کیا۔ اس کے بعد 28ویں منٹ میں حنان شاہد نے شاندار فیلڈ گول کر کے قومی ٹیم کی برتری 0-3 کر دی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔
اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان اپنے گروپ میں 9 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے، جبکہ ملائیشیا بہتر گول اوسط کی بنیاد پر پہلے نمبر پر ہے۔ اس سے قبل پاکستان نے تھائی لینڈ کو 0-9 اور ازبکستان کو 1-5 سے شکست دی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان ہاکی ٹیم کے اہم فارورڈ رانا وحید اشرف کو گزشتہ میچ میں ازبکستانی کھلاڑی کے ساتھ لگنے والی چوٹ کے باعث ٹورنامنٹ منتظمین نے اس میچ کے لیے معطل کر رکھا تھا، تاہم ان کی عدم موجودگی کے باوجود قومی ٹیم نے میدان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

