صاحبزادہ فرحان کو مستقل ٹی20 کپتان بنانے پر غور

لاہور: ایشین گیمز میں قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت کرنے والے اوپننگ بیٹر صاحبزادہ فرحان کو سری لنکا کے خلاف آنے والی ہوم ٹی20 سیریز میں بھی کپتان برقرار رکھنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ذرائع کے مطابق ہیڈ کوچ مائیک ہیسن ٹی20 فارمیٹ میں سلمان علی آغا کی جگہ صاحبزادہ فرحان کو مستقل بنیادوں پر قیادت سونپنے کے حق میں ہیں۔

پی سی بی 2028ء کے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے طویل المدتی منصوبہ بندی کر رہا ہے، جس کے تحت نوجوان کھلاڑیوں کا ایک نیا اور مضبوط پول تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس نئے منصوبے کے تحت فخر زمان، شاہین آفریدی اور حارث رؤف کی سیریز میں واپسی کا امکان ظاہر نہیں کیا جا رہا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ صاحبزادہ فرحان کی کپتانی کے بارے میں حتمی فیصلہ جاپان میں جاری ایشین گیمز میں ان کی انفرادی بیٹنگ اور قائدانہ صلاحیتوں کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا، جہاں پاکستان کی مہم کا آغاز 28 ستمبر کو کوارٹر فائنل سے ہو رہا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 3 ٹی20 میچز پر مشتمل سیریز 9، 11 اور 13 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلی جائے گی۔

دوسری جانب حالیہ بین الاقوامی میچز میں سلمان علی آغا کی ناقص کارکردگی کے باعث بورڈ نے ٹی20 فارمیٹ میں ان کی جگہ نئے قائد کی تلاش شروع کر دی ہے۔