پاک بحریہ کی بحیرہ عرب میں بڑی کارروائی، 750 ملین ڈالر کی منشیات ضبط

اسلام آباد: پاک بحریہ نے بحیرہ عرب میں میری ٹائم سیکیورٹی آپریشن کے دوران ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مشکوک ماہی گیر کشتی سے 750 ملین امریکی ڈالر کی منشیات ضبط کر لیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائی پاک بحریہ کے جنگی جہازوں پی این ایس حنین اور پی این ایس یرموک نے معمول کی گشت کے دوران انجام دی۔ مشکوک کشتی کو روک کر تلاشی لینے پر اس کے خفیہ خانوں سے 2,800 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کی گئیں، جس کی عالمی منڈی میں مالیت تقریباً 750 ملین ڈالر بنتی ہے۔

سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے دونوں جہازوں کے عملے کی مستعدی اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ سمندر میں غیر قانونی سرگرمیوں، بالخصوص منشیات کی اسمگلنگ کے سدِ باب کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے بھی کامیاب آپریشن پر پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ملک کی سمندری حدود کے دفاع اور عالمی بحری سلامتی میں پاکستان نیوی کا کردار انتہائی اہم اور قابلِ فخر ہے۔