فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سعودی وزیر دفاع سے ملاقات، حملوں کا مل کر مقابلہ کرنے کا عزم

ریاض: چیف آف ڈیفنس اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور سعودی عرب کے وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کے درمیان ریاض میں ایک اہم ملاقات ہوئی، جس میں باہمی عسکری تعلقات اور مکہ دفاعی معاہدے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹویٹر) پر ملاقات کی تصویر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ گفتگو کے دوران مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت تینوں ممالک (پاکستان، سعودی عرب، ترکیے) کے سربراہانِ افواج کے ہنگامی اجلاس کے نتائج کو سراہا گیا اور اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

ملاقات میں سعودی عرب کی شہری و معاشی تنصیبات اور مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے والے حوثی حملوں کی شدید مذمت کی گئی اور مشترکہ اقدامات کے ذریعے سکیورٹی چیلنجز کا جواب دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اس اہم اجلاس میں سعودی قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان، چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی سمیت پاکستان اور سعودی عرب کے دیگر اعلیٰ عسکری اور انٹیلی جنس حکام نے بھی شرکت کی۔

واضح رہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اس وقت مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے عسکری سربراہان کے اجلاس میں شرکت کے لیے ریاض میں موجود ہیں، جہاں پاکستان، ترکیے اور سعودی عرب کے درمیان انٹیلی جنس شیئرنگ، عسکری رابطہ کاری اور دفاعی صلاحیتوں کے انضمام کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔