اسلام آباد: وفاقی بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے آمدن حاصل کرنے والے غیر مقیم (نان ریزیڈنٹ) پاکستانیوں اور دیگر افراد کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے نئے قواعد نافذ کر دیے ہیں۔
چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے نئے انکم ٹیکس رولز کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے، جس کے تحت سوشل میڈیا آمدن پر 5 فیصد ٹیکس وصول کرنے کا قانون نافذ کر دیا گیا ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے انکم ٹیکس رولز میں نیا باب شامل کرتے ہوئے سوشل میڈیا سے کمائی کرنے والوں کے لیے ٹیکس کا خصوصی طریقہ کار متعارف کرایا گیا ہے۔
نئے قواعد کے تحت سوشل میڈیا آمدن پر اخراجات کی مد میں زیادہ سے زیادہ 30 فیصد کٹوتی کی اجازت ہو گی، جبکہ کم از کم قابلِ ٹیکس آمدن کا حساب مجموعی آمدن میں سے جائز اخراجات نکال کر کیا جائے گا۔
اعلامیے کے مطابق سوشل میڈیا سے حاصل ہونے والی مجموعی آمدن کا تخمینہ ویوز اور حقیقی آمدن کی بنیاد پر لگایا جائے گا، جس میں فی ہزار ویوز (RPM) کی آمدن اور نقد یا کسی بھی دیگر شکل میں موصول ہونے والی رقم کو شامل کیا جائے گا۔
مقیم اور غیر مقیم افراد پر لاگو ان رولز کے تحت انفلوئنسرز کو ہر سہ ماہی میں ایڈوانس ٹیکس جمع کرانا ہو گا اور انکم ٹیکس ریٹرن میں سوشل میڈیا آمدن کو الگ خانے میں ظاہر کرنا ہو گا۔
اگر کسی فرد کی اصل آمدن مقررہ حد سے کم ہو تو اسے کمشنر کو ثبوت فراہم کرنا ہو گا، تاہم آمدن کم بتانے کی صورت میں کمشنر انکم ٹیکس کے پاس اسے درست کرنے کا اختیار ہو گا۔

