اسلام آباد کو سومنات کہنے والوں کیلئے یہ آخری کوشش ہوگی: خواجہ آصف

نیویارک: وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 27 ستمبر کو متوقع اسلام آباد لانگ مارچ پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد ایک بڑی اسلامی ایٹمی ریاست کا دارالحکومت ہے اور اسے ’سومنات‘ سے تشبیہ دینے والوں کے لیے یہ ان کی آخری کوشش ثابت ہوگی، جس کے بعد وہ دوبارہ اس طرف کا رخ کرنے کے قابل نہیں رہیں گے۔

نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر صحافی کو انٹرویو دیتے ہوئے خواجہ آصف نے پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر کے متنازع بیان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سومنات کا مندر نہیں ہے، اس بار مارچ ہوا تو یہ ایک فیصلہ کن معرکہ ہو گا اور اگر پی ٹی آئی والے نہ بھی آئے تب بھی معاملہ حتمی انجام کو پہنچے گا کیونکہ ملک اب مزید کسی بھی قسم کے انتشار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر نے مردان میں خطاب کے دوران اسلام آباد کو سومنات بنانے کی دھمکی دی تھی، جس پر ان کے خلاف این سی سی آئی میں مقدمہ بھی درج ہو چکا ہے۔ وزیرِ دفاع نے واضح کیا کہ تاریخ کچھ بھی رہی ہو، اس بار مظاہرین سوچ سمجھ کر آئیں کیونکہ وہ کچھ لے کر نہیں بلکہ اپنا سب کچھ دے کر جائیں گے۔