پی ٹی آئی نے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ 4 اکتوبر تک ملتوی کر دیا

پشاور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اسلام آباد کی جانب طے شدہ لانگ مارچ 4 اکتوبر تک ملتوی کرنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔

پشاور میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے بتایا کہ پارٹی کی پولیٹیکل کمیٹی کے اجلاس میں تمام تر سیاسی صورتِ حال اور انتظامات پر تفصیلی مشاورت کے بعد متفقہ طور پر مارچ کو 4 اکتوبر تک ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ التوا پی ٹی آئی کی سیاسی حکمتِ عملی کا حصہ ہے اور تمام تر قافلے 4 اکتوبر بروز اتوار پشاور سے اسلام آباد کی جانب روانہ ہوں گے۔ بیرسٹر گوہر علی خان نے اتحادی رہنماؤں محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس کو بھی اس فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے وفاقی حکومت کی جانب سے صوبائی سرحدوں اور اٹک پل پر کنٹینرز اور کیلیں بچھانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وفاق خیبرپختونخوا کو باقی پاکستان سے کاٹنے کی سازش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پرامن سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں، تاہم اس بار جب عوام نکلیں گے تو جعلی حکمرانوں اور کرپٹ نظام کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ کریں گے۔

قبل ازیں سول سیکرٹریٹ پشاور کا دورہ کرنے اور وہاں نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے سیکرٹریٹ کو سیکورٹی تھریٹ کے نام پر بند کرنے کے اقدام کو جعلی قرار دیا اور کہا کہ دہشت گردی کے نام پر پورے صوبے کے نظام کو معطل کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دی جائیں گی۔