اسلام آباد: وفاقی وزارتِ اطلاعات و نشریات نے افغان وزارتِ دفاع کی جانب سے اسپن بولدک کے قریب پاکستانی چیک پوسٹ کو تباہ کرنے اور جانی نقصان نہ ہونے کے ادعاؤں کو مکمل طور پر جھوٹا، بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دے کر فیکٹ چیک جاری کر دیا ہے۔
وزارتِ اطلاعات کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق 24 اور 25 ستمبر کی درمیانی شب گلستان اور چمن سیکٹر میں پاک افغان سرحد پر افغان طالبان کی جانب سے دراندازی اور جارحیت کی کوشش کی گئی، جسے پاکستانی سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے مکمل طور پر ناکام بنا دیا۔
وزارتِ اطلاعات نے بتایا کہ پاکستانی فورسز نے کواڈ کاپٹرز اور مارٹر فائر کے ذریعے افغان طالبان کے ٹھکانوں اور چوکیوں کو شدید نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں کم از کم 13 افغان طالبان اہلکار ہلاک اور متعدد شدید زخمی ہوئے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ افغان وزارتِ دفاع کی جانب سے حقائق کو مسخ کرنے اور من گھڑت پروپیگنڈا کرنے کی کوشش بالکل حیران کن نہیں کیونکہ افغان طالبان ماضی میں بھی ایسے بے بنیاد دعوے کرتے رہے ہیں جن کی کوئی کریڈیبلٹی نہیں ہے۔ وزارتِ اطلاعات نے افغان طالبان کے ٹھکانوں کی تباہی اور ہلاکتوں کے ویڈیو اور تصویری شواہد بھی میڈیا پر جاری کر دیے ہیں۔

