پی ٹی آئی والے بزدل ہیں، دھرنا دینے سے بھاگ گئے: عطا تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے بزدل لوگ ہیں جو اسلام آباد میں دھرنا دینے اور لانگ مارچ سے بھاگ گئے ہیں کیونکہ ان کی کوئی سیاسی تیاری نہیں تھی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ اطلاعات نے خیبرپختونخوا حکومت اور وزیراعلیٰ سہیل آفریدی پر دہشت گردوں کی سہولت کاری کا سنگین الزام عائد کیا۔ عطا تارڑ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان قائم کرنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن وہ نہ صرف صورتِ حال سے لاعلم ہے بلکہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی سے بھی گریزاں ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی ’بی ٹیم‘ اور طالبان افغانستان کی ’سی ٹیم‘ ہے اور سہیل آفریدی وزیراعلیٰ کم اور ٹی ٹی پی کے کمانڈر زیادہ نظر آتے ہیں۔

وزیرِ اطلاعات نے انکشاف کیا کہ صرف 2026ء میں اب تک 2 ہزار 456 دہشت گرد حملے ہوئے ہیں، جن میں فوج، پولیس، رینجرز اور ایف سی کے 472 جوان شہید جبکہ 1500 سے زائد زخمی ہوئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں غیر قانونی ٹمبر، تمباکو اور گولڈ مائننگ کے ذریعے دہشت گردوں کو فنڈنگ کی جا رہی ہے، جس میں پی ٹی آئی کے سیاسی لوگ ملوث ہیں۔

عطا تارڑ نے افغانستان کی جانب سے کرم ایجنسی پر فائرنگ کی مذمت نہ کرنے پر بھی صوبائی حکومت کو بزدل قرار دیا اور کہا کہ ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز اور قوم دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔