بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں میں 33 بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 21 ستمبر سے اب تک 33 بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج اور دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق آپریشن ’شبان‘ کے تسلسل میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد مزید 5 خوارج ہلاک ہوئے، جس کے بعد اس مخصوص آپریشن میں مارے جانے والے دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 22 ہو گئی ہے۔ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ 25 ستمبر کو ضلع نوشکی میں کیے گئے ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (IBO) کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے پر مؤثر اور بھرپور حملہ کیا، جس کے نتیجے میں مزید 11 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ علاقے سے خطرے کے مکمل خاتمے تک کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق یہ کارروائیاں آپریش ’عزمِ استحکام‘ کے وژن کے تحت بیرونی حمایت یافتہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔

دوسری جانب، صدرِ مملکت اور وزیراعظم نے بلوچستان میں کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اعادہ کیا ہے کہ بھارتی سرپرستی میں پالے جانے والے عناصر کے ناپاک عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔