شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، مسجد کو ڈھال بنانے والے 8 خوارج ہلاک

شمالی وزیرستان: خیبر پختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات پر مبنی کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ ان کے تمام ٹھکانے مکمل طور پر تباہ کر دیے گئے ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے علاقے میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر مؤثر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر عسکری سامان برآمد ہوا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی پیش قدمی سے بچنے کے لیے مسجد کو بطور ڈھال استعمال کرنے کی مذموم کوشش کی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت اور مسجد کے مقدس مقام کے احترام کو ملحوظِ خاطر رکھتے ہوئے انتہائی احتیاط اور حکمتِ عملی سے تمام خوارج کو نشانہ بنایا۔ سیکیورٹی ذرائع نے اعادہ کیا ہے کہ فورسز صوبے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُراعزم اور فعال ہیں۔