لاہور: پاکستان کے اسٹار مسٹری اسپنر ابرار احمد پہلی بار انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ٹی20 بولنگ رینکنگ میں دنیا کے نمبر ون بولر بن گئے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین رینکنگ کے مطابق ابرار احمد نے گزشتہ 6 ماہ سے ٹاپ پوزیشن پر قابض افغانستان کے اسپنر راشد خان کو محض ایک ریٹنگ پوائنٹ کے فرق سے پچھاڑ کر پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔
ابرار احمد یہ سنگِ میل عبور کرنے والے پاکستان کے پانچویں بولر بن گئے ہیں، ان سے قبل عمر گل، سعید اجمل، عماد وسیم اور شاہد آفریدی ٹی ٹوئنٹی میں عالمی نمبر ایک بننے کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔
رواں برس ٹی20 انٹرنیشنل میں شاندار اور مستقل مزاج کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ابرار احمد نے 9 میچوں میں 15 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز کے 3 میچوں میں 6 وکٹیں لے کر اپنی رینکنگ کی بہتری میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ ون ڈے بولنگ رینکنگ میں بھی دوسری پوزیشن پر براجمان ہیں۔
اپنی اس تاریخی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ابرار احمد نے کہا کہ عالمی نمبر ون بولر بننا ان کا خواب تھا جس کی تعبیر پر وہ اللہ کے شکر گزار ہیں، اور اب ان کا اگلا ہدف ایشین گیمز میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنا ہے۔
دیگر کھلاڑیوں میں پاکستان کے محمد نواز 8ویں اور سلمان مرزا 19ویں نمبر پر موجود ہیں، جبکہ بیٹرز رینکنگ میں صاحبزادہ فرحان تیسری پوزیشن پر برقرار ہیں۔
ٹی20 آل راؤنڈرز رینکنگ میں زمبابوے کے سکندر رضا پہلے اور پاکستان کے صائم ایوب دوسری پوزیشن پر موجود ہیں۔

