جاپان: ایشین گیمز 2026ء کے ویمنز کرکٹ مقابلوں میں پاکستان ویمنز ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلادیش کو 31 رنز سے شکست دے کر برانز میڈل (کانسی کا تمغہ) اپنے نام کر لیا ہے۔
جاپان کے کوروجی اسپورٹس پارک میں کھیلے گئے تیسری پوزیشن کے میچ میں پاکستان ویمنز ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے۔
کپتان فاطمہ ثناء نے 30 گیندوں پر 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 45 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جبکہ گل فیروزہ 31 اور عالیہ ریاض 25 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔ بنگلادیش کی جانب سے ناہیدہ اختر، شورنا اختر اور ریتو مونی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
146 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش ویمنز ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 114 رنز ہی بنا سکی۔ پاکستان کی جانب سے آف اسپنر اُم ہانی نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ فاطمہ ثناء، نشرہ سندھو، عائشہ ظفر اور تسمیہ رباب نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
سیمی فائنل میں سری لنکا سے شکست کے بعد گولڈ میڈل کی دوڑ سے باہر ہونے والی پاکستانی ٹیم کی اس کامیابی کے ساتھ ہی ایشین گیمز میں پاکستان کے میڈلز کی تعداد 2 ہو گئی ہے۔
اس سے قبل عاصم خان نے مکسڈ مارشل آرٹس میں ملک کے لیے پہلا برانز میڈل جیتا تھا۔ ایونٹ کے فائنل اور گولڈ میڈل کے لیے بھارت اور سری لنکا کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

