بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائیاں: 19 دہشت گرد ہلاک، جوان شہید

راولپنڈی: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گرد عناصر کے خلاف کیے گئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور کلیئرنس کارروائیوں میں 19 دہشت گرد ہلاک ہو گئے، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک صوبیدار شہید ہو گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 21 ستمبر 2026ء سے کوئٹہ کے علاقے شعبان میں بھارتی سرپرستی حاصل کرنے والے اور مقامی آبادی کے لیے خطرہ بننے والے دہشت گردوں کے خلاف کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ اس کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو تباہ کر کے اب تک 13 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

اس کے علاوہ 22 اور 23 ستمبر کو ضلع کیچ اور کوئٹہ ویسٹ کے علاقوں میں الگ الگ خفیہ اطلاعات پر مبنی آپریشنز کیے گئے۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد مزید 6 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ دہشت گردوں کی تحویل سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کر لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں ڈیرہ غازی خان کی تحصیل تونسہ شریف سے تعلق رکھنے والے 39 سالہ صوبیدار محمد جمیل جامِ شہادت نوش کر گئے۔ ترجمان پاک فوج نے اعادہ کیا کہ ملک بھر میں دہشت گردی کا جذر سے خاتمہ کرنے کے لیے آپریشن ‘عزمِ استحکام’ کے تحت یہ کارروائیاں بلاتفریق جاری رہیں گی۔