بلوچستان میں پاک بحریہ اور کوسٹ گارڈز کی بڑی کارروائی، بھاری مقدار میں شراب اور غیر قانونی ادویات برآمد
کوئٹہ: پاک بحریہ اور پاکستان کوسٹ گارڈز نے جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر کی معاونت سے بلوچستان کے ساحلی علاقے پشکان (پیشکان) میں انٹیلی جنس معلومات پر مبینہ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ممنوعہ اشیاء کی بڑی کھیپ اسمگل کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر کیے گئے اس آپریشن کے نتیجے میں بھاری مقدار میں شراب اور غیر قانونی ادویات ضبط کی گئی ہیں، جنہیں مزید قانونی کارروائی کے لیے پاکستان کوسٹ گارڈز کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ یہ کامیاب کارروائی ملکی سمندری حدود اور سرزمین کو غیر قانونی سرگرمیوں سے پاک رکھنے کے عزم اور اداروں کے مابین بہترین تعاون کی عکاس ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسمگلنگ کی یہ بڑی کوشش ناکام بنانے پر پاک بحریہ اور پاکستان کوسٹ گارڈز کے اہلکاروں اور قیادت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک سے اسمگلنگ کے ناسور کا خاتمہ کرنے کے لیے مختلف اداروں کا باہمی رابطہ اور یکجہتی انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

