اسلام آباد: پاکستان نے سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان طے پانے والے اہم سہ فریقی مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود کو پہلا سیکرٹری جنرل مقرر کر دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود، ہلالِ امتیاز (ملٹری) ریاض میں قائم کیے جانے والے اس مشترکہ دفاعی اتحاد کے جنرل سیکرٹریٹ کی سربراہی کریں گے۔ اس تقرری کو معاہدے کے ادارہ جاتی ڈھانچے کو فعال کرنے اور تینوں اسلامی ممالک کے مابین سیکیورٹی و دفاعی روابط کو آگے بڑھانے کی سمت میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل (ر) نعمان محمود کا تعلق پاک فوج کی بلوچ رجمنٹ سے ہے۔ وہ 11 کور پشاور کے کمانڈر، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (NDU) اسلام آباد کے صدر، شمالی وزیرستان میں 7 انفنٹری ڈویژن کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (GOC) اور انٹر سروسز انٹیلی جنس (ISI) میں ڈی جی اینالیسس کے اہم عہدوں پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان اگست 2026ء میں تاریخی ‘مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ’ طے پایا تھا، جس کا بنیادی مقصد باہمی سلامتی اور دفاعی تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔ اس معاہدے کے تحت تینوں میں سے کسی بھی ایک ملک پر حملہ تینوں ریاستوں پر حملہ تصور کیا جائے گا۔

