پاک فضائیہ کا فضائی حددود کی خلاف ورزی پر مؤثر جواب: افغان طالبان رجیم کے تمام 8 ڈرونز تباہ

پشاور: افواجِ پاکستان اور پاک فضائیہ نے فضائی حدود کی خلاف ورزی کا فوری اور مؤثر جواب دیتے ہوئے افغان طالبان رجیم کی جانب سے بھیجے گئے تمام 8 ڈرونز کو تباہ کر کے ان کی بزدلانہ دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آج صبح افغان طالبان حکومت کی جانب سے 8 ڈرونز پاکستان کی فضائی حدود کی جانب روانہ کیے گئے، جن کا مقصد ممکنہ طور پر عوام اور حساس مقامات کو نشانہ بنانا تھا۔ تاہم پاک فضائیہ کے جدید اور فعال ایئر ڈیفنس سسٹم نے ان ڈرونز کی آمد کو بروقت تشخیصی نظام (Detection) کے ذریعے ٹریک کیا اور فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام 8 ڈرونز کو فضا ہی میں تباہ کر دیا۔

ذرائع کے مطابق 4 ڈرونز طورخم بارڈر سے ملحقہ علاقوں میں جبکہ 4 ڈرونز کوہاٹ سے متصل سرحدی پہاڑی سلسلوں میں گرائے گئے، جن کا ملبہ سیکیورٹی فورسز نے تحویل میں لے لیا ہے۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ یہ قدم افغان طالبان رجیم کی جانب سے دہشت گرد عناصر کی براہِ راست سرپرستی اور معاونت کا ایک اور واضح ثبوت ہے، جبکہ گزشتہ رات بھی پاک فوج نے کرم سیکٹر میں افغان طالبان کے بلااشتعال فائرنگ کے مورچوں اور ٹھکانوں کو تباہ کیا تھا۔

سیکیورٹی ذرائع نے واضح کیا کہ پاک افغان سرحد پر پاک فضائیہ کے زیرِ نگرانی تمام دفاعی اور تشخیصی نظام 24 گھنٹے الرٹ ہیں اور پاکستان کی مسلح افواج ملک کی زمینی و فضائی حدود کے دفاع اور ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔