پاک فوج نے کرم سیکٹر سے فتنہ الخوارج کی دراندازی ناکام بنا دی، شدید جوابی کارروائی پر افغان طالبان پوسٹیں چھوڑ کر فرار

کرم: پاک فوج نے کرم سیکٹر میں افغان طالبان کی زیرِ نگرانی سرحد پار سے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے دشمن کی بلااشتعال فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا ہے، جس کے نتیجے میں افغان طالبان متعدد پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغانستان کے صوبوں ننگرہار اور پکتیا میں واقع افغان سرحدی پوسٹوں سے طالبان کی سرپرستی میں فتنہ الخوارج کی دراندازی کی کوشش کی گئی۔ ناکامی کے بعد افغان طالبان نے پاکستانی سرحدی چوکیوں پر بھاری ہتھیاروں، مارٹرز اور توپ خانے سے بلااشتعال فائرنگ شروع کر دی۔

پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے سرحد پر فوری، مؤثر اور بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں سمیت توپ خانے کا استعمال کیا اور افغان طالبان کی متعدد سرحدی پوسٹوں، مارٹر پوزیشنز اور دفاعی چوکیوں کو نشانہ بنا کر ان کی توپیں خاموش کروا دیں۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے سرحدی علاقوں پر مکمل کنٹرول برقرار رکھا ہوا ہے اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ سیکیورٹی فورسز دشمن کی کسی بھی قسم کی بالواسطہ یا بلاواسطہ جارحیت اور اشتعال انگیزی کا فوری اور فیصلہ کن جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار اور الرٹ ہیں۔