پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے: عطا اللہ تارڑ

پشاور: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کسی صورت پی ٹی آئی کو اسلام آباد آکر امن و امان کی صورتحال خراب کرنے اور انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دے گی اور قانون کی عمل داری ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے گی۔

نجی ٹی وی سے گفتگو اور ریڈیو پاکستان پشاور کی نوتعمیر شدہ عمارت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے کبھی پرامن احتجاج کا طرزِ عمل نہیں اپنایا، لہٰذا وہ ہوش کے ناخن لیں ورنہ ان کے ساتھ وہ ہوگا جو وہ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا تھا کیونکہ وہ امن و امان میں خلل ڈال سکتی تھیں۔

پی ٹی آئی سے مذاکرات کے امکان کو رد کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پارٹی میں فیصلہ ساز کون ہے کچھ پتہ نہیں، بیرسٹر گوہر کی کوئی سنتا نہیں اور پارٹی قیادت کی زبان پر کوئی اعتبار نہیں، اس لیے ان سے گفتگو کا کوئی جواز نہیں۔

عطا تارڑ نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت 6 ماہ میں دو کلومیٹر کی سڑک نہیں بنا سکی جبکہ ان کے ڈی این اے میں صرف تباہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کے پی حکومت وفاق کی جانب سے امن و امان کے لیے دیے گئے 150 ارب روپے کھا گئی ہے اور اب حکومت ان سے گزشتہ ساڑھے 13 سال کے فنڈز کا مکمل حساب لے گی۔