پاکستان کی روس اور عمان کے ساتھ مشترکہ فوجی مشقوں کا آغاز

راولپنڈی: پاکستان اور روس کی مشترکہ فوجی مشقوں ’دروزبہ‘ (Druzhba) کے نویں ایڈیشن اور پاکستان و عمان کی مشترکہ فوجی مشقوں ’وشاق الجبل‘ (Wishaq Al Jabal) کے دوسرے ایڈیشن کا باضابطہ آغاز ہو گیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک روس مشترکہ مشقیں چیراٹ میں جبکہ پاک عمان مشترکہ مشقیں نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر (NCTC) پبی میں شروع ہوئی ہیں۔ تقریباً دو ہفتوں پر محیط ان دونوں مشقوں میں پاکستان آرمی کے ساتھ روسی افواج اور رائل آرمی آف عمان کے دستے حصہ لے رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ان مشقوں کا بنیادی مقصد انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں اور تربیت کو بہتر بنانا، باہمی آپریشنل تجربات کا تبادلہ اور اشتراک عمل کی صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔

ان مشترکہ مشقوں کے ذریعے شریک افواج کی جنگی صلاحیتوں اور ٹیکٹیکل مہارتوں میں بہتری آئے گی، جبکہ پاکستان کے روس اور عمان کے ساتھ دوطرفہ دفاعی تعلقات اور تعاون کو مزید استحکام ملے گا۔