وزیراعظم کی درخواست پر اسلام آباد لانگ مارچ مؤخر، ملتان میں پڑاؤ رہے گا: حافظ نعیم الرحمان

ملتان: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے وزیراعظم شہباز شریف کی فون پر کی گئی درخواست پر اسلام آباد کی طرف جانے والے ’سپر لانگ مارچ‘ کو عارضی طور پر مؤخر کرتے ہوئے ملتان میں پڑاؤ کا اعلان کیا ہے۔

ملتان میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور ناجائز لیوی کے خلاف اپنی احتجاجی تحریک سے دستبردار نہیں ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے بیرونِ ملک سے ٹیلی فون کر کے مارچ ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی اور کہا تھا کہ وہ وطن واپسی پر ملاقات کر کے عوام کو ریلیف دینے پر بات کریں گے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ طویل مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ حکومت کو بات چیت کا آخری موقع دیا جائے گا تاہم مطالبات منظور نہ ہونے تک جماعت اسلامی کے کارکنان کا ملتان میں پڑاؤ اور دھرنا قائم رہے گا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کا بھتہ ختم کر کے عوام کو ریلیف فراہم کرے اور اس حوالے سے تحریری یقین دہانی کروائے، ورنہ جدوجہد کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے گا۔