بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گرد ہلاک

کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے ساران تنگی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن شعبان 2 کے تحت بڑی کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گردوں کو ہلاک اور 9 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کامیاب آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی تحویل سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ خطے میں دہشت گردوں کے مکمل خاتمے اور آخری عنصر کے صفائے تک آپریشن اور کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

صدر مملکت، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ساران تنگی میں دہشت گردوں کا منصوبہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں امن اور سلامتی کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی اور سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کے ساتھ پوری قوم شانہ بشانہ کھڑی ہے۔