فیلڈ مارشل عاصم منیر سے فرانس کے سیکریٹری جنرل دفاع کی ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

راولپنڈی: فرانس کے سیکریٹری جنرل برائے دفاع و قومی سلامتی نکولس روش (Nicolas Roche) نے فرانسیسی سفیر ژاں نوئل پوئریئر کے ہمراہ جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے اہم ملاقات کی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور بالخصوص دفاع و سیکیورٹی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان اور فرانس کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دفاع و سلامتی کے میدان میں باہمی تعاون کو وسیع تر کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

فرانسیسی سیکریٹری جنرل نکولس روش نے خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے پاکستان کے کردار اور کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔