پشاور: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پشاور کور ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا اور کہا ہے کہ مسلح افواج قوم کی غیر متزلزل حمایت سے دہشت گردی کو شکست دینے اور ملک میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پشاور آمد پر کور کمانڈر پشاور نے فیلڈ مارشل کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران آرمی چیف کو خیبر پختونخوا کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال، جاری انسدادِ دہشت گردی آپریشنز، سرحدی انتظامی اقدامات اور صوبے میں تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور ملک و عوام کے تحفظ کے لیے ان کی ثابت قدمی کو سراہتے ہوئے تمام فارمیشنز کو ہر وقت چوکس رہنے اور اعلیٰ ترین آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
آرمی چیف نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے مادرِ وطن کے دفاع اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

