یو اے ای کی پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری، قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیثی کا اعلان

کراچی: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے قونصل جنرل کراچی بخیت عتیق الرومیثی نے کہا ہے کہ آئندہ برسوں میں یو اے ای پاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرے گا۔

کراچی کی بزنس کمیونٹی کے اعزاز میں دیے گئے خصوصی افطار ڈنر کے دوران قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں اور دونوں ممالک مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دے رہے ہیں۔ افطار ڈنر میں کراچی کے معروف تاجروں کے ساتھ ساتھ ہیلتھ اور ایجوکیشن سیکٹر سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات نے بھی شرکت کی۔

تقریب کے دوران قونصل جنرل نے اس بات پر زور دیا کہ ماضی میں پاکستانی ماہرین نے یو اے ای کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور آج بھی وہاں کے صحت کے شعبے میں بے شمار پاکستانی ڈاکٹرز خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھیلوں، فوڈ سکیورٹی اور دیگر اقتصادی شعبوں میں بھی دونوں ممالک کے درمیان وسیع مواقع موجود ہیں جن پر مشترکہ کام کیا جا سکتا ہے۔

بخیت عتیق الرومیثی نے کہا کہ یو اے ای حکومت پاکستان کی معیشت کے استحکام کے لیے ہر ممکن تعاون کر رہی ہے اور حالیہ بین الاقوامی کھجور فیسٹیول اس کا عملی ثبوت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھولنے کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں، جو پاکستان کی معیشت کے لیے ایک مثبت پیش رفت ثابت ہوں گے۔